آزادی کو بھیک قرار دینے سے متعلق بیان کی مذمت، بی جے پی کی خاموشی پر محمد علی شبیر کی تنقید

   

حیدرآباد۔12۔نومبر (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کنگنا رناوت کے بیان پر بی جے پی کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ کنگنا رناوت نے 1947 ء کی آزادی کو بھیک اور 2014 ء میں حقیقی آزادی ملنے کا بیان دیتے ہوئے مجاہدین آزادی کی توہین کی ہے ۔ محمد علی شبیر نے کنگنا کے خلاف مجاہدین آزادی کی توہین کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک طرف آزادی کا امرت مہا اتسو منا رہی ہے تو دوسری طرف بی جے پی کی ہمدرد فلمی اداکار نے مجاہدین آزادی کی توہین کردی۔ اگر بی جے پی کو ان کی رائے سے اتفاق ہے تو پھر آزادی کا امرت مہا اتسو تقاریب سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سیویلین اعزاز دیئے جانے کے فوری بعد کنگنا رناوت نے بی جے پی اور سنگھ پریوار کی زبان میں بیان بازی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی پر ملک دشمنی کا مقدمہ دائر کرنے والی بی جے پی کو کنگنا کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مجاہدین آزادی سے اپنی محبت اور عقیدت کا ثبوت دینا چاہئے ۔ ر