لکھنؤ ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ آزادی کے وقت پاکستان نہ جانے والوں نے ہندوستان پر کوئی احسان نہیں کیا ہے۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیف منسٹر یوپی نے کہا کہ ملک کی تقسیم کی مخالفت سبھی کو کرنی چاہئے۔ اگر 1947 میں کچھ لوگ پاکستان جانے کے بجائے ہندوستان میں ہے تو انہوں نے اس ملک پر کوئی احسان نہیں کیا ہے۔ یہ ہر محب الوطن شہری کی ذمہ داری تھی۔ متنازعہ شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج مسلمان کررہے ہیں جن کی آباء و اجداد نے پاکستان جانے کے بجائے ہندوستان میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے والے متنازعہ اور نفرت آمیز بیانات دینے کیلئے مشہور یوگی ادتیہ ناتھ نے اس انٹرویو میں مسلمانوں کے خلاف اپنے بغض کو نہیں چھپایا۔
