گنیش جلوس کے دن نماز جمعہ مقامی مساجد میں ادا کرنے یونائٹیڈ مسلم فورم کی اپیل
حیدرآباد۔/7ستمبر، ( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں دینی مدارس کے خلاف غیر قانونی کارروائیوں اور انہدام کی مذمت کی ہے۔ فورم کے ذمہ داروں جناب محمد رحیم الدین انصاری، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مفتی سید صادق محی الدین فہیم، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار اور دوسروں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ آسام اور اُتر پردیش میں دینی مدارس پر الزام لگاکر عمارتوں کو منہدم کیا جارہا ہے۔ آسام میں 740 دینی مدارس منہدم کئے گئے۔ غیر قانونی سرگرمیوں بشمول دہشت گردی کے الزام لگاکر دینی مدارس کے ذمہ داروں اور اساتذہ کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ بنگلہ دیشی کا لیبل لگاکر غلط تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ قائدین نے کہا کہ مرکز المعارف کی عظیم و پختہ عمارت کو کسی وجہ کے بغیر منہدم کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کا استقبال کیا تو دوسری طرف بنگلہ دیشی کا لیبل لگاکر ہندوستانی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ فورم نے اُتر پردیش میں دینی مدارس کے سروے پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ یہ محض تعصب پر مبنی کارروائی ہے۔ دیگر مذاہب کے اسکولس اور اقامت خانوں کو جن میں بیشتر غیر مجاز ہیں کوئی سروے نہیں کیا جاتا اور نہ کوئی کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام اور اُتر پردیش میں دینی مدارس کے خلاف کارروائیاں دستور کی دفعہ 30(1) کی صریح خلاف ورزی ہے۔ فورم نے کمشنران پولیس پر زور دیا ہے کہ وہ گنیش فیسٹول کے دوران فرقہ پرست عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور امن و بھائی چارے کی برقراری کے اقدامات کریں۔ مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ممکنہ حد تک نماز جمعہ مقامی اور قریبی مساجد میں ادا کریں۔ر