گوہاٹی ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کو نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) ڈرافٹ فہرست سے مزید ایک لاکھ سے زیادہ ناموں کو نااہل قرار دیتے ہوئے خارج کردیا گیا۔ گذشتہ سال 30 جولائی میں شائع ہوئی فہرست میں حذف شدہ ناموںکی تعداد اب 40 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ این آر سی اسٹیٹ کوآرڈینیٹر کے بیان کے مطابق بعد تصدیق کے 1,02,462 افراد کو نااہل قرار دیا گیا۔ 1951ء کے بعد پہلی مرتبہ آسام میں بیرونی ممالک نقل و مقام کرنے والے افراد کی رائے شماری کروائی گئی ہے۔ یہ رائے شماری کا عمل سپریم کورٹ کی نگرانی میں کروایا جارہا ہے۔ اس کی قطعی اور آخری فہرست 31 جولائی کو شائع کی جائے گی۔ اضافی خارج شدہ افراد کی فہرست سے ان ناموں کو حذف کردیا گیا جو معلنہ خارجی باشندے، مشکوک ووٹرز، فارن ٹریبونل میں جاری ایسے کیسیس جن کے دستاویزات کی عدم دستیابی کے باعث زیرالتواء ہیں۔ جن افراد کے نام حذف کردیئے گئے ہیں وہ اپنے ناموں کو این آر سی ویب سائیٹ پر ملاحظہ کرسکتے ہیں اور ان کو اطلاع بھی دیدی گئی ہے۔ وہ دوبارہ اپنے دعوؤں کو 5 جولائی سے ازسرنو داخل کرسکتے ہیں۔
