آسرا پنشن میں تاخیر … بیواؤں کو صبر آزما انتظار

   

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) ضعیف العمر افراد اور بیواؤں کیلئے حکومت کی جانب سے آسرا پنشن دیا جاتا ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے مقررہ وقت پر عدم ادائیگی کے نتیجہ میں بے آسرا اور غریب افراد کو اپنی ضروریات کی تکمیل میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آسرا پنشن کی اجرائی میں کئی ہفتوں تک انتظار کی زحمت سے گذرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو اکاؤنٹ میں پنشن جمع کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن ضعیف العمر افراد بینکوں اور پوسٹ آفس کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ انہیں عہدیداروں کی جانب سے بار بار واپس بھیج دیا جاتا ہے لیکن ضعیف العمر افراد کو حکومت سے زیادہ عہدیداروں کی نیت پر شبہ ہے کہ وہ جان بوجھ کر تاخیر کررہے ہیں۔ دیہی علاقوں میں عوام کو پنشن حاصل کرنے کیلئے تین تا چار کیلو میٹر کا سفر کرنا پڑتا ہے جس کے لئے تقریباً 50 روپئے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ محبوب نگر، کریم نگر اور دیگر اضلاع میں بھی آسرا پنشن کی اجرائی میں تقریباً دو ہفتوں کی تاخیر کی شکایت عام ہے۔ پنشنرس کو مقررہ وقت پر رقم حاصل ہوجاتی ہے لیکن بے سہارا غریب اور ضعیف العمر افراد کیلئے آسرا پنشن کی رقم کسی نعمت سے کم نہیں۔ لہذا حکومت کو فوری حرکت میں آتے ہوئے مقررہ وقت پر ادائیگی کے اقدامات کرنے چاہیئے۔ ر