اہل افرادسے درخواستوں کی طلبی۔ می سیوا ‘ ای سیوا پر سہولت
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حکومت نے آسرا پنشن کیلئے عمر کی حد 65 سال سے گھٹا کر 57 سال کردی اور اس پر عمل کیلئے اہل افراد سے درخواستیں طلب کی گئیں۔ نئے قواعد کے تحت اہل افراد31 اگسٹ تک اپنی درخواستیں می سیوا یا ای سیوا مراکز پر داخل کرسکتے ہیں۔ تمام ضلع کلکٹرس اور کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی گئی کہ نئی درخواستیں قبول کرکے جانچ کے بعد نئے استفادہ کنندگان کا اضافہ کریں۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے اہل افراد سے اپیل کی کہ وہ آخری تاریخ سے قبل درخواستیں داخل کردیں اور اسکیم سے استفادہ کریں۔ انہوں نے ای سیوا کمشنر کو ہدایت دی کہ درخواست گذاروں سے سرویس چارجس کی رقم وصول نہ کی جائے۔ تمام درخواست گذاروں کے سرویس چارجس حکومت ادا کریگی۔ اسکیم کے تحت نئی درخواستوں کی قبولیت کیلئے سافٹ ویر کو اَپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ درخواست کے ساتھ برتھ سرٹیفکیٹ، ووٹر آئی ڈی، ٹی سی یا کسی مسلمہ اسکول بورڈ سے حاصل کردہ سرٹیفکیٹ کی اوریجنل کاپی جمع کرنی ہوگی۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نئی درخواستوں کی وصولی کے بعد شفافیت کے ساتھ استفادہ کنندگان کی شناخت کریں اور تمام اہل افراد کو پنشن فراہم کیا جائے۔ امید کی جارہی ہے کہ پنشن کی حد عمر میں کمی سے لاکھوں افراد کو فائدہ ہوگا۔