38 لاکھ سے زائد افراد کو پنشن، اسمبلی میں ریاستی وزیر دیاکر راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکرراؤ نے کہا کہ مارچ کے بعد ریاست میں 57 سال عمر کے افراد کو پنشن دیا جائے گا۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران آسرا پنشن سے متعلق ارکان دھرما ریڈی، سی ویریا اور دوسروں کے سوال پر وزیر پنچایت راج نے کہا کہ ریاست میں معذوروں، تاڑی تاسندوں، ایچ آئی وی متاثرہ افراد، بے سہارا افراد، بیڑی مزدوروں اور تنہا زندگی گذارنے والی خواتین کے علاوہ ہینڈلوم ویورس کو اسکیم کے تحت پنشن دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں پنشن حاصل کرنے والے افراد کی جملہ تعداد 38 لاکھ 77 ہزار 717 ہے۔ پنشن کے طور پر انہیں 879 کروڑ جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنشن کیلئے اہلیت کی عمر 65 سے گھٹا کر 57 کرنے کی صورت میں مزید 6 لاکھ 62 ہزار افراد استفادہ کنندگان میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے 203 کروڑ روپئے ادا کئے جارہے ہیں جبکہ ریاست کو جملہ 11,758 کروڑ ادا کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 57 سال کی عمر کے تعین کیلئے اسمبلی حلقہ جات میں مراکز قائم کئے جائیں گے۔ اسکریننگ سنٹرس میں 57 سال کے افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اپنی سماجی ذمہ داری کے حصہ کے طور پر غریبوں کی بھلائی اور ان کی خوشحال زندگی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ نومبر 2014 میں آسرا پنشن اسکیم متعارف کی گئی۔ تنہا زندگی بسر کرنے والی خواتین کو اپریل 2018 اور بیڑی ورکرس کو مارچ 2015 سے پنشن ادا کیا جارہا ہے۔ جون 2019 سے معذوروں کو پنشن 1500 سے بڑھا کر 3016 روپئے کردیا گیا۔ دیگر 8 طرح کے پنشن کو 1000
سے بڑھا کر 2016 روپئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتای کہ مالیاتی سال 2019-20 کے بجٹ میں حکومت نے آسرا پنشن کیلئے 9434 کروڑ مختص کئے تھے ۔ ابھی تک 7864 کروڑ جاری کئے گئے۔ مالیاتی سال 2020-21 میں 11758 کروڑ بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں۔ وظیفہ کی عمر کی حد میں کمی کے باعث حکومت نے زائد فنڈز مختص کئے ہیں۔
دفتر سیاست میں آج نیٹ کا ماڈل ٹسٹ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( راست ) : نیٹ ( میڈیکل انٹرنس ) 3 مئی کو مقرر ہے ۔ جس کے ذریعہ یم بی بی ایس ، بی ڈی ایس ہومیو پیتھی ، یونانی میں داخلے دئیے جاتے ہیں ۔ اس کا ماڈل ٹسٹ اور کراش کورس رجسٹریشن برائے کوچنگ کے لیے دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر اتوار کو صبح 11 تا 2 بجے دن ربط کریں ۔۔