آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں آج سیمی فائنل مقابلہ

   

دبئی۔آسٹریلوی ٹیم جو آٹھویں بار فائنل میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے، جمعرات کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ آسٹریلیا نے 2009 میں شروع ہونے والے اس ٹورنمنٹ کے تمام نو سیزن میں سیمی فائنل کھیلے ہیں۔ چھ بارکی چمپئن ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ 2023 کے سیزن کا فائنل دونوں کے درمیان کھیلاگیا جس میں آسٹریلیا نے 19 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اعداد و شمار کے معاملے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم آسٹریلیا سے آگے ہے۔ آسٹریلیا نے ان کے خلاف خواتین کے دس میں سے نو ٹی ٹوئنٹی جیتے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ نے جنوری میں واحد جیت درج کی ہے۔آسٹریلیا نے خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کے خلاف تمام سات میچ جیتے ہیں۔ موجودہ آسٹریلوی ٹیم کا بنیادی گروپ برسوں سے ایک ساتھ کھیل رہا ہے، صرف میگ لیننگ نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا ہے۔ دیگر دس کھلاڑی 2023 کے فائنل میں کھیل چکی ہیں ، سب کی نظریں ایلیسا ہیلی، بیتھ مونی، ایلیس پیری، میگن شٹ، ایشلے گارڈنر کی کارکردگی پر ہوں گی۔ دبئی کی سست وکٹ پر آسٹریلیا کی طاقت اس کی بیٹنگ کی گہرائی ثابت ہوئی ہے۔ فوبی لیچ فیلڈ اور انابیل سدرلینڈ جارحانہ بیٹنگ میں مہارت رکھتی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی طاقت اس کے اسپنر نونکولولیکو ایملابا ہیں جنہوں نے اب تک گروپ لیگ کے چار میچوں میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں۔ کپتان لورا وولورٹ، اوپنرجنمین اور تجربہ کار کیپ سبھی میچ ونر ہیں لیکن اس بار ہیلی اینڈ کمپنی کا سامنا کر رہی جنوبی افریقی ٹیم ضرور دعا کر رہی ہوں گے کہ اس بار وہ تمام رکاوٹیں توڑیں اور کامیابی درج کرائیں گے۔آسٹریلیا اس وقت ٹورنمنٹ میں ناقابل تسخیر اور بہترین مظاہرہ کررہی ہے جس نے گروپ مرحلے میں ہندوستان اور نیوز ی لینڈ کو شکست دی ہے ۔