سڈنی ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے متنازعہ کوئنس لینڈ ایم پی جیسن کوسٹیگن کی 19 سالہ بیٹی برائنا کوسٹیگن نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنے بوائے فرینڈ احمد طہ سے شادی کرلی ہے۔ یہ دونوں پر سڈنی میں کوکین سربراہ کرنے کے الزامات عائد ہیں۔ لا اسٹوڈنٹ برائنا نے آن لائن اعلان کیا کہ وہ مشرف بہ اسلام ہوچکی ہے اور اپنی غلطیوں پر نادم ہے اور اللہ تعالیٰ سے معافی کی امید رکھتی ہے۔ نومبر 2019ء میں ایک عدالت نے برائنا پر ڈائل اے ڈیلر کوکین سنڈیکیٹ کی ممبر ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا اس کے ساتھ شریک ملزم اور اب مبینہ شوہر 26 سالہ احمد پر جملہ 14 الزامات عائد ہیں۔ برائنا کا باپ جیسن کوسٹیگن خود متنازعہ شخصیت ہے۔ برائن کے وکیل نے عدالت میں بحث کے دوران دعویٰ کیا تھاکہ اس کی موکلہ اس سنڈیکیٹ کی سرغنہ نہیں ہے بلکہ وہ کم عمری میں غلط روش پر پڑ گئی اور اسے بہتر زندگی کا موقع دیا جانا چاہئے۔ سڈنی منتقلی سے قبل برائنا نے کوئنس لینڈ میں سیاسی سرگرمیوں سے دلچسپی ظاہر کی تھی۔