سڈنی: آسٹریلیا میں موسمِ سرما کے دوران مینڈکوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم سائنسدانوں کی جانب سے ان ہلاکتوں کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سِڈنی کی نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کی ماہرِ حیاتیات جوڈی رولے نے پیر کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ گزشتہ موسمِ سرما میں پورے آسٹریلیا میں ہزاروں مینڈک ہلاک ہوئے تھے۔ گزشتہ چند ہفتوں میں جیسے ہی موسم سرد ہوا ہے، ہمیں ویسی ہی رپورٹس موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ہلاکتوں کے اسباب اور پیمانے کو سمجھنے کے لیے محققین نے براعظم میں رہنے والے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ بیمار یا مردہ مینڈک کے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات وہ آسٹریلین میوزیم کو بھیجیں۔