دبئی۔11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) حال ہی میں سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف یکے بعد دیگرے شکستوں کے بعد پاکستان کی ٹونٹی 20 عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام خطرے میں پڑ گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز ختم ہونے کے بعد نئی ٹی 20 عالمی درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستانی ٹیم بدستور پہلے نمبر ہے لیکن دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا سے اس کا صرف ایک ہی نشان زیادہ ہے۔نئی ٹی 20 درجہ بندی میں پاکستانی ٹیم 270 نشانات کیساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا کے بعد پاکستان کو بھی تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم 269 نشانات کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور پہلا مقام کے حصول کیلئے اسے صرف ایک میچ جیتنا ہی ضروری ہے۔ فہرست میں انگلینڈ تیسرے ، جنوبی افریقہ چوتھے ، ہندوستان پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے ، سری لنکا ساتویں، افغانستان آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ عالمی نمبر ایک پاکستانی ٹیم ٹی 20 میں رواں سال کوئی سیریز نہیں جیت سکی جبکہ ہندوستان، جنوبی افریقہ ،انگلینڈ ،سری لنکا اور آسٹریلیا کو سیریز اپنے نام کرنے کا موقع مل گیا۔