آسٹریلیا کو شرمناک شکست ، سری لنکانے ونڈے سیریز جیت لی

   

کولمبو : آسٹریلیائی ٹیم کو چمپئنز ٹرافی سے قبل شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کولمبو ونڈے میں سری لنکائی ٹیم نے انہیں بری طرح شکست دی ہے۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 282 رنز کا ہدف دیا تھا۔ یہ اسکور ٹیم کے لیے پہاڑ ثابت ہوا اور اس کے بیٹرس ناکام رہے۔ پوری ٹیم صرف107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکا نے یہ میچ 174 رنز کے بڑے فرق سے جیت لیا۔ یہ کسی بھی ایشیائی ٹیم کے خلاف رنزکے لحاظ سے آسٹریلیا کی سب سے بڑی شکست ہے۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیائی ٹیم بھی کلین سویپ ہوگئی ہے اور ونڈے سیریز 2-0 سے ہارگئی ہے۔43 سال بعد آسٹریلیائی ٹیم سری لنکا کے خلاف ونڈے میں مکمل طور پر شکست کھا گئی ہے۔ اس سے قبل سری لنکا نے 1982 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اس ونڈے سیریز میں آسٹریلیا کی بیٹنگ مسلسل دوسری بار ناکام رہی۔ پہلے ون ڈے میں بھی مہمان ٹیم 215 رنزکے ہدف کا تعاقب نہ کر سکی۔ پوری ٹیم صرف 165 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ دوسرے میچ میں بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ 282 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیائی ٹیم شروع میں ہی ڈھیر ہو گئی۔ ٹیم کی پہلی وکٹ تیسرے اوور میں ہی گر گئی۔ اس کے بعد انہیں 5ویں اور 7ویں اوور میں بھی ایک ایک دھکا لگا۔ جس کی وجہ سے ٹیم صرف7 اوورز میں ٹاپ آرڈرکی 3 وکٹیں گنواکر دباؤ میں آگئی۔ تاہم اس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ نے جوش انگلس کے ساتھ مل کر 46 رنز کی شراکت قائم کی ۔ اگلے 3 اوورز میں ایرون ہارڈی، گلین میکسویل اور اسٹیو اسمتھ بھی پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح 83 رنز کے اسکور تک 7 بیٹرس آؤٹ ہو ئے جبکہ ساری ٹیم 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ سری لنکا کی اس طاقتور فتح کے سب سے بڑے ہیروکوسل مینڈس تھے۔ کوسل مینڈس نے115گیندوں پر 101 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کی بدولت سری لنکا 281 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔ کوسل مینڈس کو شاندار بیٹرس پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی منتخب کیا گیا۔ اسیتھا اور ہسرنگا نے فی کس 3 وکٹیں حاصل کیں اور ویللاگے نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔