آسٹریلیا کے تجارتی مرکز میں آتشزدگی

   

سڈنی، 30 مئی (یو این آئی) آسٹریلیا کے جنوبی برسبین میں ایک کاروباری مرکز میں آگ لگنے سے دو افراد شدید طور پر جھلس گئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق 12 بج کر 15 منٹ پر جنوبی برسبین کے نواحی علاقے براؤنز پلینس میں واقع ایک کاروباری مرکز میں آگ لگنے سے 47 اور 54 سال کی عمر کے دو افراد شدید طور پر جھلس گئے ۔ کوئنز لینڈ اسٹیٹ پولیس سروس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہنگامی خدمات موقع پر پہنچی توانہوں نے دو افراد کو شدید طور پر جھلسی ہوئی حالت میں احاطے سے بھاگتے ہوئے دیکھا۔ پولیس کو بتایا گیا کہ نامعلوم افراد کے ایک الگ گروپ نے احاطے میں داخل ہو کر آگ لگنے سے پہلے اندر کوئی مادہ ڈالا۔ زخمی لوگوں کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔نائن نیٹ ورک ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا وہ تمباکو کی دکان تھی اور دونوں لوگ احاطے میں سو رہے تھے ۔ کوئنز لینڈ پولیس سروس نے کہا کہ احاطے میں کرائم سین قائم کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔