آسٹریلیائی جہادی کے یتیم بچوں کی واپسی کیلئے ہر ممکنہ تعاون : وزیراعظم

   

کینبرا ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم آسٹریلیا اسکاٹ موریسن نے جمعہ کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک آسٹریلیائی جہادی کے شام کے ایک پناہ گزین کیمپ میں موجود یتیم بچوں کی واپسی پر معترض نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے مدد طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیائی حکومت اس وقت ریڈکراس سے بات چیت میں مصروف ہے تاکہ بچے شمال مشرقی شام میں واقع الہوئی پناہ گزین کیمپ سے نکل سکیں اور آسٹریلیائی عہدیداران کی رہنمائی کرسکیں۔ دارالحکومت کینبرا میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بچے آسٹریلیا واپس ہونے کے موقف میں ہوں گے تو ہم ان کی ہر طرح مدد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ دیگر آسٹریلیائی شہری بھی اگر اسی نوعیت کی صورتحال سے دوچار ہیں تو انہیں آسٹریلیا واپس آنے میں ہرممکنہ تعاون پیش کیا جائے گا۔ وہ نہیں چاہتے کہ شام جیسے جنگ زدہ ملک میں کسی آسٹریلیائی شہری کو جان کا خطرہ ہو۔