EKA موبیلیٹی کو مرکزی حکومت کا آرڈر، آندھراپردیش اور راجستھان میں بھی بسوں کی سربراہی
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے ڈیزل سے چلنے والی بسوں کی جگہ الیکٹرک بسوں کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے پرائم منسٹر ای ڈرائیو اسکیم کے تحت ریاستوں میں الیکٹرک بسوں کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومتوں سے تعاون کرتے ہوئے بسوں کی خریدی کا اہتمام کیا ہے۔ پی ایم ای ڈرائیو اسکیم کے تحت EKA موبیلیٹی کو حیدرآباد کے لئے 915 الیکٹرک بسوں کی تیاری کا آرڈر دیا گیا ہے۔ گرین سیل موبیلیٹی کے تحت ای کے اے موبیلیٹی کو 915 الیکٹرک بسوں کی تیاری کے سلسلہ میں منظوری مکتوب حوالہ کیا گیا۔ کمپنی کی جانب سے ایرکنڈیشنڈ اور نان اے سی الیکٹرک بسیں تیار کی جاتی ہیں جو عصری سہولیات سے آراستہ ہیں۔ شہری علاقوں میں فضائی آلودگی پر قابو پانے میں یہ بسیں کارآمد ثابت ہوں گی۔ تلنگانہ حکومت نے آر ٹی سی میں الیکٹرک بسوں کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اِس مہم کے تحت مرکزی حکومت بھی تعاون کررہی ہے۔ راجستھان، آندھراپردیش، اڈیشہ، پڈوچیری اور میگھالیہ میں کمپنی کو مرکزی اسکیم کے تحت الیکٹرک بسوں کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ EKA موبیلیٹی کمپنی کے بزنس ہیڈ اور چیف گروتھ آفیسر روہت سریواستو نے کہاکہ مرکز کی جانب سے 915 الیکٹرک بسوں کی تیاری کا آرڈر کمپنی کی بہتر ٹیکنالوجی اور خدمات کو ثابت کرتا ہے۔ کمپنی حیدرآباد میں مرکزی اسکیم کے تحت الیکٹرک بسوں کو متعارف کرنے میں حصہ داری پر فخر محسوس کرتی ہے۔ مرکزی حکومت نے پہلے مرحلہ میں شہری علاقوں میں الیکٹرک بسوں کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاپان اور نیدرلینڈ کی بس تیار کرنے والی کمپنیوں سے اشتراک کرتے ہوئے ای کے اے موبیلیٹی نے مرکزی حکومت کو آلودگی پر قابو پانے میں مددگار الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی ذمہ داری لی ہے۔1