آلٹ نیوز کے کو فاونڈر محمد زبیر تہاڑ جیل سے رہا، سپریم کورٹ نے دی یوپی میں درج سبھی معاملوں میں ضمانت

   

نئی دہلی: آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو بدھ کی شب دہلی کی تہاڑ جیل سے رہا کردیا گیا۔ اس سے کچھ گھنٹے پہلے ہی سپریم کورٹ نے محمد زبیر کو اترپردیش میں ان کے خلاف درج سبھی معاملوں میں ضمانت دے دی تھی۔ جیل افسران نے یہ جانکاری دی ہے۔ محمد زبیر کو دہلی پولیس نے ٹوئٹ کے ذریعہ مبینہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں 27 جون کو گرفتار کیا تھا۔محمد زبیر کے خلاف انہیں الزامات میں اترپردیش میں کئی ایف آئی آر درج ہے، جن میں سے دو ہاتھرس میں جبکہ سیتا پور، لکھیم پور کھیری، مظفر نگر، غازی آباد اور چندولی میں ایک ایک ایف آئی آر درج ہے۔ ایک سینئر افسر نے تصدیق کی، ’محمد زبیر کو تہاڑ جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔