سیاست کی تحقیق پر فریش ٹو ہوم ‘ لشئیس فوڈز اور بگ باسکٹ کمپنیاں اطمینان بخش جواب نہیں دی سکیں
حیدرآباد 17 اپریل ( سیاست نیوز ) سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مقبول عام آن لائین فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارمس جیسے فریش ٹو ہوم ‘ بگ باسکٹ اور لیشئس فوڈز سے جو گوشت سربراہ کیا جاتا ہے وہ حلال نہیں ہے ۔ اس پر سیاست ڈاٹ کام نے تحقیق کی اور اس کا جائزہ لیا ۔ تمام تین کمپنیاں بنگلورو کرناٹک کے بیرونی علاقہ میں قائم ہیں۔ سیاست ڈاٹ کام نے ٹوئیٹر پر راست پیامات کے ذریعہ ان تینوں کمپنیوں سے رابطہ کیا تاکہ اس پر وضاحت حاصل کی جاسکے ۔ تاہم یہ کوشش کامیاب نہیں ہوسکی ۔ پھر سیاست نے ان کمپنیوں کے ٹال فری کسٹمر کئیر نمبر پر راسبطہ کیا ۔ بگ باسکٹ کے نمائندے نے وضاحت کی کہ وہ حلال اور جھٹکا دونوں ہی طرح کا گوشت فروخت کرتے ہیں اور کونسا گوشت چاہئے اس کا فیصلہ کرنا گاہکوں کا کام ہے ۔ Licious کے کسٹمر کئیر نمائندے نے کہا کہ کمپنی خود جانوروں کو ذبح نہیں کرتی اور پہلے سے کٹا ہوا گوشت حکومت کے سرٹیفائیڈ اداروں سے حاصل کرتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو گوشت حاصل کیا جاتا ہے اسے کئی طرح کے سیفٹی چیک کے بعد حاصل کیا جاتا ہے ۔ تاہم اس سوال پر کہ آیا یہ حلال ہے یا نہیں نمائندہ نے کہا کہ اس کو اس کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ایک اور مقبول آن لائین پلیٹ فارم فریش ٹو ہوم سے بھی رابطہ کی کئی مرتبہ کوشش کی گئی تاہم اس کے کسٹمر کئیر نمائندے نے سوال سے بچنے کی کوشش کی اور صرف اتنا کہا کہ اسے بھی کوئی اطلاع نہیں ہے اور وہ اس تعلق سے معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی کوئی جواب دے گا ۔ تاہم اس رپورٹ کی اشاعت تک اس ادارے نے کوئی جواب نہیں دیا ۔ واضح رہے کہ جو صارفین یا گاہک آن لائین پلیٹ فارمس سے گوشت خریدتے ہیں انہیں یہ حق ہے کہ وہ پتہ کریں کہ گوشت ان کی مذہبی ترجیحات کے مطابق فراہم کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ قبل ازیں کئی بڑے گوشت فروش پلیٹ فارمس پر یہ واضح کیا جاتا تھا کہ وہ حلال گوشت ہی فروخت کرتے ہیں تاہم ملک میں غذاء پر بھی ہندوتوا سیاست کی وجہ سے کئی کمپنیاں خود کو محفوظ رکھنا چاہتی ہیں اور وہ اپنے پلیٹ فارمس پر یہ واضح نہیں کر رہی ہیں کہ وہ حلال گوشت فراہم کر رہی ہیں یا جھٹکے والا گوشت دیا جا رہا ہے۔