آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی سرحد بندی کردی گئی

   

کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے حکومت کا فیصلہ، سرحد پر سخت چوکسی

حیدرآباد۔5مئی (سیاست نیوز) پڑوسی ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی سرحد بند کردی گئی !ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان زمینی راستہ کو بند کردیا گیا ہے اور آندھرا پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے علاوہ تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے اپنی اپنی بسوں کو ریاستی سرحد کے پار نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آندھراپردیش میں پائے جانے والے کورو ناو ائرس کی قسم کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان سرحد کو بند کئے جانے کے سلسلہ میں کوئی سرکاری احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں لیکن کہا جا رہاہے کہ دونوں ریاستوں کی جانب سے سرحد پر سخت پہرہ داری کے ذریعہ سرحد عبور کرنے والوں کو روکا جانے لگا ہے اور آرٹی سی بسوں کے روک دیئے جانے کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ دونوں ریاستوں میں حکومت اور انتظامیہ کے ذمہ داروں نے آپسی مشورہ کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کی سرحد کوچند ہفتوں کے لئے بند کردیا جائے ۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت آندھراپردیش کی جانب سے کرفیو کے نفاذکے فیصلہ کے بعد ہی تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں نے آپسی تبادلہ خیال کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا کہ دونوں ریاستوں میں سرحد پار خدمات کو معطل کردیا جائے۔آندھرا پردیش کی سرحد میں کرفیو کے اوقات کے دوران داخل ہونے سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ اشیائے ضروریہ کے علاوہ کسی اور کی حمل و نقل پر سخت امتناعی احکام نافذ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عوامی حمل و نقل کو روکتے ہوئے وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔