عبوری اسپیکر سے ملاقات ، ٹی سیتارام کا اسپیکر کی حیثیت سے انتخاب یقینی
حیدرآباد ۔ 12 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی کے 15 ویں اجلاس کا آج سے آغاز ہوا۔ عبوری اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر ایس چنا اپلا نائیڈو کی صدارت میں اے پی اسمبلی کے 15 واں اجلاس آج ٹھیک 11:05 بجے سے شروع ہوا۔ ایوان کی کارروائی کا قومی ترانہ سے آغاز ہوا اور ایوان کی کارروائی کا قائد ایوان و چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بحیثیت رکن آندھراپردیش ریاستی قانون اسمبلی حلف برداری سے آغاز ہوا۔ مسٹر جگن موہن ریڈی نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد سیدھے اسپیکر پوڈیم پر پہنچ کر روایت کے مطابق عبوری اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی سے مصافحہ کرتے ہوئے ملاقات کی۔ بعدازاں دوسرے نمبر پر قائد اپوزیشن و سابق چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بحیثیت رکن اسمبلی اے پی قانون ساز اسمبلی حلف لیا اور پھر عبوری اسپیکر سے ملاقات کی۔ ان دو اہم قائدین کی حلف برداری کے بعد ڈپٹی چیف منسٹرس آندھراپردیش بشمول مسٹر امجد باشاہ ڈپٹی چیف منسٹر برائے اقلیتی بہبود نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے اپنا حلف لئے۔ بعدازاں عبوری اسپیکر مسٹر چنا اپلا نائیڈو نے ریاستی وزراء اور حروف تہجی کے لحاظ سے سلسلہ وار اسمبلی کیلئے نومنتخبہ ارکان اسمبلی کو بحیثیت رکن اسمبلی حلف دلایا۔ آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی کا یہ 15 واں سیشن پانچ روزہ ہوگا۔ آج پہلے دن نومنتخبہ ارکان اسمبلی کے بحیثیت رکن اسمبلی حلف برداری مکمل کرلی جائے گی اور کل یعنی 13 جون کو آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی کے مستقل اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ اسپیکر اسمبلی کے انتخاب کا عمل مکمل ہونے پر جگن موہن ریڈی اور قائد اپوزیشن مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور متعدد وزراء نومنتخبہ اسپیکر اسمبلی کو کرسی صدارت پر فائز کریں گے۔ توقع ہیکہ مسٹر ٹی سیتارام کا اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی کی حیثیت سے انتخاب یقینی ہے۔ بعد انتخاب اسپیکر اسمبلی کی سیاسی زندگی اور ان کی کارکردگی کے تعلق سے اظہارخیال کرنے کے بعد اسمبلی اجلاس کو دوسرے دن کیلئے ملتوی کردیا جائے گا اور دوسرے دن آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی اور آندھراپردیش ریاستی قانون ساز کونسل کے منعقد ہونے والے مشترکہ اجلاس سے تلگو ریاستوں آندھراپردیش و تلنگانہ کے گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن خطاب کریں گے۔
