آندھرا پردیش میں 15 اگسٹ کو ولیج کلینکس کا افتتاح : جگن

   

غریب عوام میں مکانات کی تعمیر کیلئے اراضی کی تقسیم کا فیصلہ ۔ چیف منسٹر اے پی کا جائزہ اجلاس
امراوتی ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ وہ جاریہ سال 15 اگسٹ کو ولیج کلینکس کا افتتاح انجام دینگے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ قطعی مہلت سے قبل ان کاموں کی تکمیل کرلیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جاریہ سال مئی کے اختتام سے قبل ولیج سکریٹریٹرس کی تعمیر کے جاریہ کاموں کو بھی مکمل کرلیں۔ چیف منسٹر نے قومی ضمانت روزگار اسکیم کے کاموں ‘ ولیج سکریٹریٹس ‘ آر بی کے اور دوسری اسکیمات کے تعلق سے ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس پولیس کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے منریگا کے تحت ریاست میں قابل لحاظ کام انجام دینے پر عہدیداروں کی ستائش بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ولیج کلینکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جنگی بنیادوں پر ان کاموں کو مکمل کرلیں اور ان ولیج کلینکس کو 15 اگسٹ تک افتتاح کیلئے تیار کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں جملہ 9899 ملک کولنگ سنٹرس بھی قائم کئے جائیں گے اور انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ان مراکز کے ماہ ستمبر میں آغاز کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ غریبوں کو اراضیات کی تقسیم میں درخواست ملنے کے اندرون 90 دن اہل افراد میں پٹے جات تقسیم بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بہت جلد 169558 پٹہ مکانات بھی تقسیم کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے یہ واضح کیا کہ ایک خاندان کو ایک مکان کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کی جائے گی ۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ شہروں اور ٹاونس میں 100 تا 150 ایکڑ اراضیات کی اس مقصد کیلئے نشاندہی کریں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس طرح کے تمام لے آوٹس میں ہر طرح کے انفرا اسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں۔ ریاست میں جاری کورونا ٹیکہ اندازی کے تعلق سے وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں یہ مہم بہتر انداز میں جاری ہے اور جمعہ کو وہ بھی کورونا ٹیکہ لیں گے ۔