گورنر نے حلف دلایا ، ایس بی امجد باشاہ کے بشمول پانچ وزراء کو ڈپٹی چیف منسٹرس کے عہدے
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت ریاستی کابینہ کی تشکیل کا عمل آج مکمل ہوگیا ۔ اس طرح ریاستی کابینہ میں شامل 25 وزراء کو ویلنگاپوڈی ( وجئے واڑہ ) میں واقع ریاستی سکریٹریٹ کے وسیع و عریض احاطہ میں منعقدہ تقریب کے دوران دونوں تلگو ریاستوں آندھرا پردیش و تلنگانہ کے مشترکہ گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے وزارتی عہدے و راز داری کا حلف دلایا ۔ تقریب کا ٹھیک 11-49 بجے آغاز ہوا اور تقریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہی ۔ تقریب حلف برداری کی کارروائی ریاستی چیف سکریٹری آندھرا پردیش مسٹر ایل وی سبرامنیم نے چلائی جس میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے علاوہ چند اہم سیاسی قائدین بشمول ارکان اسمبلی و ارکان پارلیمان ، ارکان قانون ساز کونسل اور اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے ۔ گورنر نے سب سے پہلے سریکاکلم کے نرسنا پیٹ حلقہ اسمبلی کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی مسٹر دھرمنا کرشنا پرساد کو وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا ۔ بعد ازاں دیگر 24 وزراء کو حلف دلایا گیا ۔ حلف لینے والے تمام وزراء نے جگن موہن ریڈی اور گورنر سے ملاقات کر کے آشیرواد حاصل کیا اور اظہار تشکر بھی کیا ۔ ریاستی کابینہ میں جگن موہن ریڈی نے فی الوقت ایک ہی مسلم نمائندہ کو وزارت میں شامل کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز ایس بی امجد باشاہ نے بھی دیگر وزراء کی طرح تلگو میں ہی حلف لیا ۔۔
