مختلف شکایات و تجاویز پر ریاستی حکومت کے احکام کی باقاعدہ اجرائی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش میں ایس ایس سی (دسویں جماعت ) کے طلباء وطالبات کے لیے انٹرنل مارکس دینے کے طریقہ کار کو ختم کردیا گیا ۔ اس سلسلہ میں حکومت آندھرا پردیش نے باقاعدہ احکامات جاری کیے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ایس سی امتحانات میں 80 مارکس ( نشانات ) پر مشتمل امتحانی پرچوں کے ساتھ امتحانات منعقد کئے جارہے تھے اور ماباقی 20 مارکس ( نشانات ) انٹرنل امتحانات کے نام پر خود متعلقہ اسکول کے اساتذہ اپنی مرضی کے مطابق طلباء وطالبات کو دے رہے تھے لیکن اس طریقہ کار کے ذریعہ گذشتہ سال یعنی 2018-19 کے منعقدہ امتحانات ایس ایس سی میں 10 جی پی اے کثیر تعداد میں طلباء کو حاصل ہوئے اور 10 جی پی اے کے حصول پر مختلف گوشوں سے انٹرنل مارکس کے طریقہ کار پر حکومت اور بالخصوص محکمہ تعلیم کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا گیا اور اس خدشہ کا اظہار کیا گیا کہ اسکول کے اساتذہ اپنے طلباء کو 20 انٹرنل مارکس کے عوض 20 نشانات دے رہے تھے جس کی وجہ سے 10 جی پی اے حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی تعداد ہزاروں تک بڑھ گئی اور ریاستی حکومت سے امتحانات ایس ایس سی کے لیے 20 انٹرنل نشانات دینے کے طریقہ کار کو فی الفور ختم کرنے کا پر زور مطالبہ کیا گیا بلکہ مختلف گوشوں سے حکومت کو متعدد تجاویز بھی وصول ہوئیں تھیں لیکن بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں سابقہ برسر اقتدار تلگو دیشم حکومت نے انٹرنل مارکس کے طریقہ کار کو ختم کرنے کے مطالبات اور موصولہ بعض تجاویز کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کردیا تھا لیکن اب ریاست آندھرا پردیش میں تشکیل پائی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی زیر قیادت ریاستی حکومت نے مختلف تجاویز اور کیے گئے مطالبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سکریٹری محکمہ تعلیم ریاست آندھرا پردیش نے ایس ایس سی امتحانات میں 20 انٹرنل مارکس دینے کے طریقہ کار کو ختم کرتے ہوئے احکامات جاری کئے اور اب سابقہ طریقہ کار یعنی ہر مضمون کا امتحانی پرچہ 100 نشانات پر مشتمل دینے کا اظہار کیا گیا ۔۔
