حیدرآباد۔آندھراپردیش نے سپریم کورٹ کی 31جولائی تک انٹرسیکنڈ ائیر کے امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی ہدایت کے بعد ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کو منسوخ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے ریاست میں امتحانات کو منسوخ کرنے احکامات جاری کرنے ہدایت دی۔ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ اور ایس ایس سی امتحانات کے سلسلہ میں اختیار موقف کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے کل مقدمہ کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ امتحانات کے دوران اگر ایک بھی طالب علم کی موت ہوتی ہے تو عدالت ان کے افراد خاندان کو ایک کروڑ روپئے معاوضہ اداکرنے کی ہدایت جاری کرے گی۔عدالت کے سخت ریمارکس اور نتائج کی اجرائی کیلئے قطعی تاریخ کے فیصلہ کے بعد حکومت نے ریاست ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تنسیخ کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی جانب سے امتحانات کی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد اپوزیش تلگو دیشم نے اسے اپنی اور طلبہ کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ حکومت امتحانات اور تعلیم کے مسئلہ پر سیاست کررہی تھی اور طلبہ کی جان سے کھلواڑ کیا جا رہاتھا۔ تلگودیشم ابتداء سے ہی امتحانات کی مخالفت کر رہی تھی اور طلبہ کی زندگیوں کے تحفظ اور انہیں کامیاب بنانے نمائندگی کی جارہی تھی ۔