آندھرا پردیش میں مرغوں کی کُشتیوں کی حیدرآباد کے پرانے شہر میں تربیت

   

سنکرانتی تہوار کے موقع پر اہتمام ، تربیت کے دوران مرغوں کا مساج ، تغذیہ بخش غذا کی فراہمی
حیدرآباد :۔ آندھرا پردیش میں سنکرانتی ایسا تہوار ہے جہاں پر مختلف اقسام کے کھانوں ، مرغ کی لڑائیوں کو کافی اہمیت دی جاتی ۔ اس چیلنج کے بغیر یہ تہوار اُدھورا دکھائی دیتا ہے ۔ آپ کو یہ سن کر تعجب ہوگا کہ آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں جن مرغوں کو آپس میں لڑایا جاتا ہے ۔ اس کی تربیت حیدرآباد کے پرانے شہر میں ہوتی ہے ۔ ان کی یہ تربیت سنکرانتی تہوار کے تین تا چار ماہ قبل سے شروع ہوجاتی ہے ۔ ان مرغوں کی تربیت پر نہ صرف خصوصی توجہ دی جاتی ہے بلکہ ان کی غذا کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔ لڑائی کے لیے انتخاب کیے جانے والے مرغوں پر خاص توجہ دی جاتی ہے ۔ ان کی پالن دوسرے مرغوں سے علحدہ ہوتا ہے ۔ ان کے کھانے پینے کا علحدہ مینو ہوتا ہے ۔ ان کے پنجوں کو مضبوط اور طاقتور بنانے کے لیے انہیں تغذیہ بخش غذا دی جاتی ہے ۔ ان کی تربیت کے 4 مہینوں کو ہفتوں کے اساس پر تقسیم کرتے ہوئے مرغوں کو ہر لحاظ سے طاقتور بنایا جاتا ہے ۔ انہیں غذا میں ویج اور نان ویج کھانے دئیے جاتے ہیں ۔ تہوار سے ایک ماہ قبل لڑائی کے لیے ان کی اصلی تربیت شروع ہوتی ہے ۔ صبح ہی مرغوں کو منھ دھولایا جاتا ہے ان کے گلوں کو صاف کیا جاتا ہے ۔ مرغوں کو تربیت دینے والا ٹرینی اپنے منھ میں پانی لے کر مرغوں کی آنکھوں میں اسپرے کرتا ہے ۔ اس عمل کو آنکھ دھونا کہا جاتا ہے ۔ ان مرغوں کو واکنگ کرائی جاتی ہے ۔ اس کے بعد گرم پانی سے شمپو کے ذریعہ انہیں نہلایا جاتا ہے ۔ دو گھنٹوں بعد ان کی دوبارہ تربیت شروع ہوتی ہے ۔ ایک مرغے کو دوسرے مرغے سے لڑایا جاتا ہے ۔ تھوڑی دیر کی لڑائی کے بعد بادام اور لیمو کے رس میں انڈا ملا کر خصوصی مساج کیا جاتا ہے ۔ ایک مرغے پر ماہانہ 5 تا 6 ہزار روپئے خرچ کئے جاتے ہیں ۔ کشتی لڑنے والے ان مرغوں کی قیمت 50 ہزار تا 75 ہزار روپئے تک ہوتی ہے ۔ بعض اقسام کے مرغے ایک لاکھ اور اس سے بھی زیادہ قیمت میں فروخت ہوتے ہیں ۔ کشتی لڑنے والے مرغوں کی جہاں خصوصی تربیت ہوتی ہے وہیں انھیں روزانہ صبح میں کھجور ، کشمش ، کاجو اور بادام وغیرہ ڈرائی فروٹس دیا جاتا ہے ۔ ہر تین گھنٹے میں ایک مرتبہ ڈرائی فروٹ دیا جاتا ہے ۔ دوپہر کے کھانے میں چاول ، دال ، گیہوں ، مٹن ، قیمہ اور رات میں اسناکس دیا جاتا ہے ۔ کھانے کو ہضم کرنے کے لیے مرغوں کو تالاب میں تیراکی کی بھی تربیت دی جاتی ہے ۔۔