ٹریپل آئی ٹی طلباء کے والدین کی نارا لوکیش سے ملاقات، یونیورسٹی کیمپس میں کھلے عام گانجہ کی سربراہی کی شکایت
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال کی اطلاعات پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کڑپہ کے ایڈوپولا پایا میں واقع ٹریپل آئی ٹی میں گانجہ کی سربراہی سے متعلق اطلاعات پر نارا لوکیش نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں کو اس معاملہ کی تفصیلی جانچ کی ہدایت دی ہے۔ ٹریپل آئی ٹی میں زیر تعلیم طلباء کے سرپرستوں نے آج نارا لوکیش سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت سے مداخلت کی درخواست کی۔ والدین کا کہنا تھا کہ ٹریپل آئی ٹی میں غیر قانونی سرگرمیوں کے نتیجہ میں مستقبل تاریک ہونے کا اندیشہ ہے۔ ٹریپل آئی ٹی کا کیمپ گانجہ کے اڈے میں تبدیل ہوچکا ہے۔ نارا لوکیش نے والدین اور سرپرستوں کو تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے طلباء کے تعلیمی مستقبل کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گانجہ کی سربراہی میں ملوث مقامی سیاسی قائدین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نارا لوکیش نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے والدین کو تیقن دیا کہ وہ ٹریپل آئی ٹی کیمپس کو گانجہ اور منشیات سے پاک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منشیات کے خلاف مہم میں تیزی پیدا کی گئی ہے اور سربراہ کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ والدین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے استعمال کے نتیجہ میں طلباء کا تعلیمی کیریئر متاثر ہوا ہے اور بیشتر طلباء امتحانات میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ایس ایس سی میں 90 فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلباء ٹریپل آئی ٹی میں داخلہ لینے کے بعد تعلیمی طور پر کمزورہوچکے ہیں۔1