حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ملک میں مختلف ہائی کورٹس کے ججس کے تقررات اور تبادلوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ کیلئے 4 ایڈیشنل ججس کا تقرر کیا گیا جن میں این ہری ناتھ، ایم کرن مائی، جے سومتی اور سواتی وجیا کے ناموں کی سفارش سپریم کورٹ کے کالجیم نے کی ہے۔ صدر جمہوریہ نے ایڈیشنل ججس کے تقررات کے احکامات جاری کئے۔ ملک کی دیگر ہائی کورٹس کیلئے 17 ایڈیشنل ججس کے تقررات کئے گئے۔ مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے ججس کے تقررات کی اطلاع دی۔ ملک میں 16 ہائی کورٹ ججس کا دیگر عدالتوں میں تبادلہ کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مشاورت کے بعد صدر جمہوریہ نے ناموں کی منظوری دی ہے۔