آندھراپردیش اسمبلی اسپیکر کی حیثیت سے ٹی سیتارام کا بلامقابلہ انتخاب

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، ارکان اسمبلی اور اپوزیشن کی مبارکبادی
حیدرآباد /13 جون ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے سینئیر رکن اسمبلی مسٹر ٹی سیتارام کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ۔ اسپیکر اسمبلی کے عہدے کیلئے صرف ایک ہی پرچہ نامزدگی داخل ہونے کے پیش نظر آج عبوری اسپیکر چنا اپلا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی کا آغاز ہونے کے ساتھ بلا مقابلہ مسٹر ٹی سیتا رام کے بحیثیت اسپیکر منتخب ہونے کا اعلان کیا ۔ سیتا رام ضلع سریکاکلم کے حلقہ اسمبلی ’’آمودالاولسا‘‘ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ چنا اپلا نائیڈو کے اعلان پر چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اپنی نشست سے اٹھکر مسٹر سیتارام کی نشست تک پہونچکر مبارکباد دی اور ساتھ لیکر کرسی صدارت کی طرف آگے بڑھے ۔ ان کے ہمراہ رکن اسمبلی ڈپٹی لیڈر تلگودیشم مقننہ پارٹی مسٹر کے اچن نائیڈو کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء و ارکان اسمبلی بھی موجود تھے اور سیتا رام کو مبارکباد پیش کی گئی ۔ مسٹر ٹی سیتارام کالنگا ( بیاک ورڈ کلاسیس ) طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور سال 1983 میں پہلی مرتبہ تلگودیشم پارٹی ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ بعد ازاں سال 1985 ، 1991، 1994 ، 1999اور 2019 میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور سال 1985 میں گورنمنٹ وھپ سال 1994 میں وزیر قانون و انصاف سال 1995 میں وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات اور سال 1999 وزیر اکسائز خدمات انجام دیں ۔ گذشتہ دنوں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار تلگودیشم پارٹی کے رکن اسمبلی مسٹر کے روی کمار کے مقابلہ میں مسٹر سیتا رام نے 13856 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔ مسٹر سیتا رام کو جملہ 77233 ووٹ حاصل ہوئے ۔ جبکہ مسٹر کے روی کمار کو 63377 ووٹ حاصل ہوئے ۔