حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائی کورٹ نے دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے بلز کی عدم ادائیگی پر آندھراپردیش حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے 4 اکتوبر کو چیف سکریٹری کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ چیف سکریٹری شخصی طور پر حاضر ہوتے ہوئے دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے بلز کی ادائیگی سے متعلق تفصیلات عدالت میں پیش کریں۔ عدالت نے بلز کی ادائیگی کے معاملہ کی ویجلنس کے ذریعہ تحقیقات کا مشورہ دیا ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ صرف 20 فیصد بلز کی ادائیگی باقی ہے اور 80 فیصد ادائیگی مکمل ہوچکی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے حکومت کے اس دعویٰ سے اختلاف کیا۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ حکومت ویجلنس تحقیقات کے نام پر ٹال مٹول کا رویہ اختیار کر رہی ہے۔ گذشتہ کئی سماعتوں کے دوران ہائی کورٹ نے حکومت کو بقایہ جات ادا کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ R