آندھراپردیش میں دیگر ریاستوں سے شراب کی منتقلی پر پابندی

   

مرحلہ وار نشہ بندی کا منصوبہ، پرمٹ اور لائسنس کی شرط
حیدرآباد: آندھراپردیش حکومت نے ریاست میں دیگر ریاستوں سے شراب کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت نے یہ فیصلہ کیا جس کے تحت احکامات جاری کئے گئے ۔ دیگر ریاستوں سے آندھراپردیش میں شراب کی منتقلی کیلئے پرمٹ اور لائسنس حاصل کرنا پڑے گا۔ سابق کی طرح دیگر ریاستوں سے شراب کی تین بوتلیں ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نئے قانون کے تحت دیگر ریاستوں سے شراب کی درآمد کو جرم قرار دیا گیا ہے۔ جگن موہن ریڈی حکومت مرحلہ وار طور پر ریاست میں نشہ بندی نافذ کرنا چاہتی ہے ۔ آندھراپردیش سے متصل 6 ریاستوں سے شراب کی منتقلی کیلئے باقاعدہ پرمٹ حاصل کرنا ہوگی ۔ اور حکومت کا مقرر کردہ ٹیکس ادا کرتے ہوئے شراب منتقل کی جاسکتی ہے۔ گزشتہ سال حکومت نے آئی ایم ایف ایل اور بیرونی شراب کے علاوہ بیئیر کے تین بوتلیں لانے کی اجازت دی تھی۔ نئے قواعد کے مطابق یہ اجازت منسوخ کردی گئی ہے۔ اور حکومت کی جانب سے ڈیوٹی اور فیس کی ادائیگی کے بعد باقاعدہ پرمٹ حاصل کرنا لازمی رہے گا۔