حیدرآباد: آندھراپردیش میں پہلے مرحلہ کے ٹیکہ اندازی پروگرام کا آغاز ہوا۔ ریاست میں 332مراکز پر یہ ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔ ہر مرکز پر 6طبی اہلکار موجود ہیں۔ وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وجئے واڑہ کے سرکاری ہاسپٹل میں اس پروگرام کا آغاز کیا۔ضلع کرنول میں ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر نے پہلا ٹیکہ لیا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرنول کے سرکاری ہاسپٹل کی آرایم او ہیمامالنی نے ضلع میں پہلا ٹیکہ لیا۔اسٹاف نرس سرلا کمار نے یہ ٹیکہ دیا۔رائل سیما میں پہلے مرحلہ کی مہم کے موقع پر کلکٹر ویراپانڈین نے اس ٹیکہ کے تعلق سے لوگوں کے شکوک کو دور کیا۔اس پروگرام کیلئے ریاست میں پہلے ہی 4.77لاکھ کووی شیلڈ اور 20ہزار ویکسین کے ڈوز لائے گئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 3.83لاکھ طبی اسٹاف کو یہ ٹیکے دیئے جارہے ہیں جس کے لئے گذشتہ کئی دنوں سے تیاریاں کی جارہی تھیں۔ آئندہ 15دنوں تک ریاست کے تمام ہیلت ورکرس کو یہ ٹیکے دیئے جائیں گے۔ 28دنوں کے بعد دوسراڈوز دیاجائے گا۔ آئندہ مرحلہ میں فرنٹ لائن ورکرس جیسے پولیس، بلدی، ریونیو اسٹاف اور وباسے لڑائی میں پیش پیش رہنے والے افراد کو یہ ٹیکے دیئے جائیں گے۔ ہر مرکز میں تین کمرے تیار رکھے گئے ہیں۔ ایک کمرہ ٹیکہ دینے والا، دوسرا انتظار کے لئے اور تیسرا ٹیکہ لینے کے بعد نگرانی کے لئے ہے۔ ہر دن تقریبا 100استفادہ کنندگان کو یہ ٹیکے دیئے جارہے ہیں۔