حیدرآباد 9 نومبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ راجیہ لکشمی کی امریکہ میں خرابی صحت کی وجہ سے موت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آندھراپردیش کے کارم چیڈو کے راما کرشنا اور ناگمنی کی 23 سالہ بیٹی راجیہ لکشمی 2023ء میں ماسٹرس اِن کمپیوٹر سائنس کی اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ گئی اور وہاں اس نے حال ہی میں اپنی تعلیم مکمل کی اور وہ روزگار کی تلاش میں تھی۔ جمعرات کی رات اس نے اپنے والدین کو فون کرکے اطلاع دی کہ اس کی طبیعت خراب ہے اور 9 نومبر کو ڈاکٹر سے رجوع ہونے والی ہے۔ رات کو وہ سوگئی اور صبح وہ نہ اُٹھی تو اس کے ساتھیوں نے دیکھا کہ وہ کوئی حرکت نہیں کررہی ہے۔ اس کے ساتھیوں نے فون پر اس کے ماں باپ کو اطلاع دی کہ ان کی بیٹی کی موت ہوگئی ہے جس کے بعد والدین کو گہرا صدمہ پہونچا۔ پرچور رکن اسمبلی سامبا شیوا راؤ نے لڑکی کے والدین سے فون پر بات کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور تیقن دیا کہ اس کی نعش کو وطن واپس لانے کے لئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ (ش)