آندھراپردیش کے عازمین حج کو حج ہاوز میں بہتر سہولتوں کا تیقن

   

Ferty9 Clinic

وجئے واڑہ میں عازمین کا تربیتی اجتماع ، امجد باشاہ اور محمد مسیح اللہ خان کا خطاب
حیدرآباد /10 جولائی ( پریس نوٹ ) ریاست آندھراپردیش کے عازمین حج کو حج ہاوز نامپلی میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کی ضرورتوں کا خاص خیال رکھا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد امجد باشاہ ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش نے آج چہارشنبہ کو آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام سب کلکٹر آفس وجئے واڑہ میں عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے کیا ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے جناب محمد امجد باشاہ کو تیقن دیا کہ حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جس طرح تلنگانہ کے عازمین حج کو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں بالکل اسی طرح آندھراپردیش کے عازمین حج کو وہی سہولتیں فراہم کرے گی ۔ انہوں نے فلائیٹس کی آن لائین بکنگ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے عازمین حج کو اس سہولت سے استفادہ کرنے کی درخواست کی ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے جناب امجد باشاہ کو بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی عازمین حج کو مفت طعام و قیام کا بھی بندوبست کر رہی ہے ۔ جناب تاج الدین احمد ایگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے جناب محمد امجد باشاہ جناب محمد مسیح اللہ ،جناب محمد مصطفی ایم ایل اے گنٹور ، جناب شیخ محمد اقبال آئی پی ایس ( موظف ) جناب غلام رسول سکریٹری آندھراپردیش ڈاکٹر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر خادم الحجاج نے عازمین حج کو مناسک حج پر تفصیلی روشنی ڈالی اور احرام باندھنے کا طریقہ سکھایا ۔ آخر میں دعاء پر اس تربیتی اجتماع کا اختتام عمل میں آیا ۔