آندھراپردیش کے مختلف محکمہ جات میں تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی

   

عنقریب مزید تقررات کی تجویز ، صدرنشین اے پی سرویس کمیشن کا بیان
حیدرآباد /13 فروری ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی پبلک سرویس کمیشن سے اس سلسلہ میں موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ ان ہدایات کی روشنی میں سرویس کمیشن نے ریاست کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خوشخبری دیتے ہوئے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ 555 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے پانچ مختلف نوٹیفکیشن جاری کئے اور ان مخلوعہ جائیدادوں و محکمہ جات کی مکمل تفصیلات پر مبنی اعلامیہ کمیشن کے ویب سائیٹ پر دستیاب رکھا گیا ہے ۔ جن مخلوعہ جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ان میں محکمہ جات جنگلات بہبود قبائلی و پسماندہ طبقات سروے اینڈ لینڈ ریکارڈز ، ٹاون اینڈ کنٹری پلاننگ سب سرویسیس شامل ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن کی جانب سے بہت جلد مزید نوٹیفکیشن کی اجرائی متوقع ہے ۔ جن میں 22 فوڈ سیفٹی آفیسرس وغیرہ کی جائیدادیں بھی شامل ہیں ۔ صدر نشین کمیشن مسٹر اودئے بھاسکر نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جن مخلوعہ جائیدادوں کے تعلق سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔ ان میں فارسٹ سیکشن آفیسر کی مخلوعہ 50 جائیدادیں ( درخواستیں 26 فروری تا 20 مارچ قبول کی جائیں گی ) فارسٹ بیسٹ آفیسرس کی مخلوعہ 330 جائیدادیں( درخواستیں 5 مارچ تا 27 مارچ قبول کی جائیں گی ) اسسٹنٹ بیسٹ آفیسر کی 100 مخلوعہ جائیدادیں بھی شامل ہیں ۔ اسی طرح ہاسٹل ویلفیر آفیسر کی مخلوعہ 28 سروئیرس کی مخلوعہ 29 جائیدادیں ( درخواستیں 20 فروری تا 13 مارچ قبول کی جائیں گی ) اور ٹاون پلاننگ بلڈنگ اوورسیز کی 18 جائیدادیں ( درخواستیں 19 فروری تا 13 مارچ قبول کی جائیں گی ) شامل ہیں ۔