12 ستمبر کو حاضر ہونے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر بوتسا ستیہ نارائنا کو نامپلی سی بی آئی عدالت نے سمن جاری کرتے ہوئے 12 ستمبر کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں ووکس ویاگن اسکام کے سلسلہ میں ایک سمن جاری کیا گیا۔ اسکام میں بوتسا ستیہ نارائنا کا نام اس وقت کے وزیر کی حیثیت سے سی بی آئی نے شامل کیا تھا اور یہ مقدمہ ابھی بھی برقرار ہے۔ بوتسا ستیہ نارائنا، راج شیکھر ریڈی کابینہ میں وزیر بھاری مصنوعات تھے۔ سی بی آئی نے انہیں مقدمہ میں اہم گواہ کے طور پر شامل کیا ہے۔ وشاکھاپٹنم میں جرمنی سے تعلق رکھنے والی ووکس ویاگن کمپنی کے قیام کا تیقن دیتے ہوئے بعض افراد نے حکومت کو دھوکہ دیا تھا۔ وشسٹ واہن کے سابق عہدیدار ہیلمٹ شوپٹر اور کمپنی کے ہندوستانی نمائندے اشوک کمار جین ، وشسٹ واہن کے ڈائرکٹر جگدیش الاگ راج ، گائتری رائے ، وی کے چترویدی ، جوزف وی جارج کو مقدمہ میں ملزمین کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ نامپلی سی بی آئی عدالت میں 2010 ء کو سی بی آئی نے چارج شیٹ داخل کیا تھا جس کی جانچ جاری ہے۔ مقدمہ کے سلسلہ میں بوتسا ستیہ نارائنا کو 12 ستمبر کو حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس مقدمہ میں تاحال 59 گواہوں پر جانچ مکمل ہوچکی ہے اور بوتسا ستیہ نارائنا 60 ویں گواہ کے طور پر پیش ہوں گے ۔
