حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے آنگن واڑی سنٹرس میں نرسری کلاسس کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نرسری کلاسس کے بچوں میں یونیفارم مفت تقسیم کئے جائیں گے ۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال ڈی انوسویا سیتکا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے آنگن واڑی سنٹرس میں نرسری کلاسس کے آغاز کی تجویز پیش کی جسے چیف منسٹر نے منظوری دے دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر عنقریب نرسری کلاسس کی اسکیم کا آغاز کریں گے۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ 15 جولائی سے ریاست بھر میں اما باٹا آنگن واڑی باٹا کے تحت ایک ہفتہ طویل مہم چلائی جائے گی تاکہ آنگن واڑی مراکز میں بچوں کے داخلوں میں اضافہ ہو۔ ریاستی وزیر نے آنگن واڑی مراکز میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ معیاری اور صحت بخش غذا کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ غیر معیاری غذا کا پتہ چلانے کیلئے فلائینگ اسکواڈس تشکیل دئے گئے ہیں جو اچانک معائنہ کریں گے ۔ ریاستی وزیر نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقفہ وقفہ سے آنگن واڑی سنٹرس کا دورہ کریں۔ 1