آنگن واڑی ہیلپرس کو ٹیچرس کے طورپر ترقی دینے کا اہم فیصلہ

   

حکومت کے فیصلہ سے 4322 آنگن واڑی ہیلپرس کوفائدہ ملنے کا امکان
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز)ریاستی حکومت نے آنگن واڑی ہیلپرس کیلئے خوشخبری دی ہے۔ انہیں آنگن واڑی ٹیچرس کے طور پر ترقی پانے کی حد عمر کو 45 سال سے بڑھاکر 50 سال کرنے کا محکمہ خواتین و اطفال بہبود نے فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر خواتین و اطفال بہبود سیتکا نے متعلقہ فائل پر دستخط بھی کردیئے ۔ حکومت کے اس فیصلہ سے تقریباً 4322 آنگن واڑی ہیلپرس کو ٹیرس کے طور پر ترقی ملنے کا موقع فراہم ہوگا۔ ماضی میں 45 سال مکمل کرنے والی آنگن واڑی ہیلپرس کو ترقی کے مواقع دستیاب نہیں تھے۔ لمبے عرصہ سے اس پر نظرثانی کرنے کا آنگن واڑی ہیلپرس سے مطالبہ کیا جاہا تھا ، جس پر ہمدردانہ غور کے بعد حکومت نے اس مطالبہ کو قبول کرلیا ہے۔ آنگن واڑی ہیلپرس یونین نے فیصلہ پر مسرت کا اظہار کرکے حکومت اور وزیر سیتکا سے اظہار تشکر کیا گیا ہے۔ حکومت نے حال ہی میں آنگن واڑی ٹیچرس کے ریٹائرڈمنٹ کی عمر کو 60 سال سے بڑھاکر 65 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تناظر میں 50 سال میں بحیثیت ٹیچرس ترقی حاصل کرنے والے ہیلپرس کو مزید 15 سال تک خدمات انجام دینے کا موقع فراہم ہوگا۔ ریاستی وزیر سیتکا نے آنگن واڑی ہیلپرس کے دیرینہ مطالبہ پر اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا جس پر عہدیداروں نے بتایا کہ ترقی کی حد عمر میں اضافہ کرنے سے کوئی نقصان ہوگا اور نہ ہی کوئی قانونی مسائل پیدا ہوں گے جس کے بعد انہوں نے فائل پر دستخط کردی ہے۔2