اندرون ایک ہفتہ ماہرین کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں آوارہ کتوں کی دہشت میں اضافہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے سختی سے نوٹ لیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو انسداد کے اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ نے جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی کہ آوارہ کتوں پر قابو پانے کیلئے اندرون ایک ہفتہ ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس معاملہ میں کوتاہی برتنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ آوارہ کتوں کے حملوں میں معصوم بچوں کی موت اور کئی زخمی ہونے کے واقعات پر ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی۔ چیف جسٹس الوک ارادھے کی قیادت میں بنچ نے آوارہ کتوں کی دہشت اور حال ہی میں معصوم بچوں پر حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے آوارہ کتوں پر قابو پانے کیلئے تجاویز حاصل کی جائیں اور ان پر عمل کیا جائے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت 18 جولائی کو مقرر کی ہے۔1