لاک ڈاون میں کتوں کی تعداد میں اضافہ ‘ حملوں کے واقعات
حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر مسلسل لاک ڈاؤن اور رات کے کرفیو کے نتیجہ میں شہر میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہ انسانی جانوں کے لئے خطرناک ثابت ہورہے ہیں۔ سلطان بازار پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پولیس کانسٹبل جو پولیس چیک پوسٹ ڈیوٹی انجام دینے کے بعد اپنے مکان واپس لوٹ رہا تھا کہ اِسے آوارہ کتوں کے غول نے تعاقب کیا جس کے نتیجہ میں وہ حادثہ کا شکار ہوگیا جو آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق سلطان بازار پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس کانسٹبل ایم راجو اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی کے بعد 9 اپریل کی اولین ساعتوں میں اپنے مکان واپس لوٹ رہا تھا کہ چادرگھاٹ علاقہ میں آوارہ کتوں کے ایک غول نے اُس پر اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ خوفزدہ ہوکر گاڑی سے گرپڑا۔ اِس حادثہ میں پولیس کانسٹبل کے سر پر گہرا زخم آیا اور وہ کوما میں چلا گیا۔ کانسٹبل کو ایک کارپوریٹ دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں وہ آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ لاک ڈاؤن اور مسلسل نائٹ کرفیو کے پیش نظر آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور وہ بیچ سڑک پر جمع ہوکر لوگوں پر حملہ کررہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی حکام کو چاہئے کہ وہ اِس جانب توجہ کریں۔