حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹول پلازا حیدرآباد آؤٹر رنگ روڈ پر فاسٹ ٹیگ سہولت کے آغاز کے پیش نظر اتوار کے دن عوام کو بھاری ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا ۔ پتنگی ٹول پلازا بھونگیر یادادری پر فاسٹ ٹیگ متعارف کرنے اور اتوار کو کیاش کاؤنٹر بند ہونے کے نتیجہ میں عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ غیر فاسٹ ٹیگ سہولت والے کاروں کو ٹول پلازا پار کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں دو کیلو میٹر طویل راستہ تک ٹریفک جام ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ فاسٹ ٹیگ سہولت کے متعارف کئے جانے کے بارے میں جو افراد لاعلم ہیں ، انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور کافی دیر تک لمبی قطار میں انتظار کرنا پڑا ۔ جو کاروں کو فاسٹ ٹیگ کارڈس چسپاں کردیئے گئے تھے، انہیں ٹول پلازا پار کرنے کیلئے آسانی ہوئی ہے۔ فاسٹ ٹیگ ایک ایسی سہولت ہے جس کے ذریعہ ٹول فیس کی وصولی خود بہ خود کی جاتی ہے لیکن فاسٹ ٹیگ کارڈ کار پر ہونا لازم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پتنگی آؤٹر رنگ روڈ ٹول پلازا کے علاوہ ضلع نلگنڈہ کے کورلا پہاڑ کتے پلی منڈل ضلع نلگنڈہ میں بھی ان گاڑیوں کو روک دیا گیا جس پر فاسٹ ٹیگ کے کارڈس چسپاں نہیں تھے۔ اس غیر یقینی صورتحال میں ٹول پلازا عملہ اور ٹریفک پولیس کو ٹریفک جام کو ہٹانے کیلئے کافی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑا، قومی شاہراہ 65 پر بھی فاسٹ ٹیگ کو متعارف کرنے کا اثر دیکھا گیا۔