حیدرآباد 29 جولائی (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ چکڑپلی میں ایک آٹو موبائیل تاجر کا اغواء کرلیا گیا اور ایک کروڑ روپئے تاوان کی ادائیگی پر چھوڑ دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون پی وشوا پرساد نے بتایا کہ اتوار کی شب 11 بجے نامعلوم اغواء کنندگان نے آٹو موبائیل کے تاجر گجیندر پرساد کا اُس وقت اغواء کرلیا جب وہ اے وی کالج واقع چکڑپلی سے گزر رہا تھا۔ بعدازاں تاوان کے لئے اُس کے دوست احباب اور رشتہ داروں کو فون کیا۔ گجیندر پرساد کے دوست راہول کو فون کرنے پر اُس نے اغواء کنندوں کو ایک کروڑ روپئے کوٹھی علاقہ میں واقع ایک جوس سنٹر کے قریب حوالے کئے جس پر گجیندر پرساد کو وہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ گجیندر پرساد ممبئی کی ایک آٹو فینانس کمپنی چلاتا ہے، شبہ کیا جارہا ہے کہ ممبئی سے تعلق رکھنے والی ٹولی رقمی لین دین کے نتیجہ میں اُس کا اغواء کیا۔