بے بس شوہر اشکبار ۔ سنگاریڈی کے ہتھنورہ منڈل میں واقعہ
حیدرآباد : بخار میں مبتلا خاتون اپنے شوہر کے ساتھ آٹو میں ہاسپٹل جارہی تھی کہ راستے میں ہی اس خاتون نے آٹو میں دم توڑ دیا جس پر آٹو ڈرائیور خوفزدہ ہوکر نعش کو سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا جس پر بیچارہ شوہر بے بسی کی حالت میں بیوی کی نعش پر آنسو بہا رہا تھا ۔ یہ واقعہ ضلع سنگاریڈی میں پیش آیا ۔ ہتھنورہ منڈل لکما تانڈہ کی 50سالہ مالوت مرونی بیمار تھی ۔ اس کے شوہر پانڈو نائیک اسے دولت آباد کے ہاسپٹل لے گیا تھا ۔ ڈاکٹروں نے پانڈو نائیک کومشورہ دیا کہ وہ اسے سنگاریڈی ہاسپٹل سے رجوع کرے جس پر دونوں آٹو میں سنگاریڈی روانہ ہوئے راستے میں بورپٹلہ بس اسٹیشن کے قریب مالوت کی صحت بگڑ گئی اور وہ آٹو میں ہی فوت ہوگئی جس سے آٹو ڈرائیور ڈر گیا اور نعش کو بیچ سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ شوہر بیوی کی نعش کے قریب بیٹھ کر آنسو بہا رہا تھا ۔ چند راہگیر وں نے پانڈو سے بات کرکے اس کے تانڈے کو اس کی اطلاع دی جس پر کچھ لوگ دوسری گاڑی لے کر وہاں پہنچے اور نعش کو منتقل کرکے آخری رسومات انجام دی ۔ پانڈو نائیک کو چار بیٹیاں ہیں سب کی شادیاں ہوچکی ہیں ۔