اورنگ آباد ، 3اگست (یو این آئی) ناگپور میں پولیس نے ایک ایسی خاتون کو گرفتار کیا ہے جس نے دھوکہ دہی اور بلیک میلنگ کے الزام میں آٹھ مردوں سے شادی کی اور بعد ازاں ان پر جھوٹے مقدمات دائر کر کے رقم وصول کی۔ ملزمہ کی شناخت سمیرا فاطمہ عرف سیما کے طور پر کی گئی ہے جسے گٹی کھڈن پولیس نے طویل مدت سے فرار رہنے کے بعد گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سمیرا کو سول لائنز، ناگپور میں ایک چائے کے اسٹال پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔تحقیقات کے مطابق، سمیرا نے پہلے غلام پٹھان نامی تاجر سے شادی کی اور کچھ عرصے بعد اس پر عصمت دری کا جھوٹا الزام لگا کر مقدمہ دائر کیا۔ غلام پٹھان نے معاملہ گٹی کھڈن تھانے میں رپورٹ کیا جس کے بعد کیس کی چھان بین شروع کی گئی۔ بعد ازاں سمیرا نے اپنی شناخت ایک طلاق یافتہ اسکول ٹیچر کے طور پر ظاہر کر کے ایک بینک مینیجر کو اپنے جال میں پھنسایا، اور پھر اسے دھمکیاں دے کر پچاس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ بینک افسر نے مانک پور پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔پولیس کے مطابق، سمیرا سوشل میڈیا پر شادی شدہ مردوں کو نشانہ بناتی تھی اور خود کو طلاق یافتہ ظاہر کرتی تھی۔ وہ ان مردوں کو دوسری بیوی بننے کے لیے راضی کرتی، اور شادی کے بعد ان پر قانونی کارروائی کی دھمکی دے کر رقم اینٹھتی۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ شادی کے بعد یہ عورت اپنے شوہروں کو بلیک میل کر کے مالی فوائد حاصل کرتی تھی۔