آکسیجن ختم ، کرناٹک میں 23 کورونا مریض فوت

,

   

سسٹم آخر کب جاگے گا : راہول ۔ واقعہ کی انکوائری کیلئے چیف منسٹر یدی یورپا کی ہدایت

بنگلور ؍ چامراج نگر : کرناٹک کے ضلع چامراج نگر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مختلف اسپتالوں میں 24 مریضوں کی موت ہو گئی ۔ چامراج نگر کے ڈپٹی کمشنر روی نے کہا کہ ان میں سے 23 کورونا مریضوں کی موت سرکاری اسپتالوں میں ہوئی جبکہ ایک مریض نے خانگی اسپتال میں دم توڑا ۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی موت اتوار کی صبح آٹھ بجے سے پیر کے آٹھ بجے کے درمیان ہوئی ۔اس کے علاوہ 11 دیگر مریضوں کی موت دیگرسنگین بیماریوں کے سبب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ۔کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آکسیجن کی کمی کے ایک اور سانحہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم آخر کب جاگے گا ۔ اُنھوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں آکسیجن نہ ہونے کے سبب پے در پے اموات ہورہی ہیں لیکن ’سسٹم ‘ بدستور سو رہا ہے ۔ اس دوران چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا نے اس واقعہ کیلئے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ اُنھوں نے ٹوئیٹ میں بتایا کہ وہ اس معاملے کی انکوائری اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کرچکے ہیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر روی نے کہا کہ جن مریضوں کی موت ہوئی ہے ، وہ تمام وینٹیلیٹروں پر تھے ۔چامراج نگر میں کورونا مریضوں کی موت کے باعث گردو نواح کے علاقوں میں آکسیجن کی کمی کے تعلق سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ ضلع انچارج اور ریاستی وزیر سریش کمار نے بنگلورو میں صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے چامراج نگر ضلع سے اموات کے اعدادو شمارطلب کئے ہیں اور اموات کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جائے گا۔
قصوروار پائے جانے والوں کے سخت کارروائی کی جائے گی ۔متوفین کے اہل خانہ نے اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور قصوروار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔