آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نا قابل تلافی نقصان

   

جناب زاہد علی خاں کا اظہار تعزیت ۔ ایران پر جارحیت کی بھی مذمت
حیدرآباد۔یکم۔مارچ۔(سیاست نیوز) سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نہ صرف ایران اور اہل ایران کیلئے باعث تکلیف ہے بلکہ دنیا بھر کے وہ انصاف پسند شہری جو بقائے انسانیت ‘ حقوق کے تحفظ کیلئے جہد مسلسل اور ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں ان کیلئے تکلیف دہ ہے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر ’سیاست ‘ نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کو ملک سے محبت اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کی تلقین سے تعبیر کیا اور کہا کہ 1989 سے آیت اللہ خامنہ ای نے دنیا بھر کو اپنے مقصد سے واقف کروایا ہوا تھا اور جب بھی انہوں نے آواز اٹھائی عالم اسلام کے درمیان اتحاد اور مظلوموں پر جاری جاحیت کے خاتمہ کیلئے آواز اٹھائی ۔ انہوں نے سالہ زندگی میں اسرائیلی و صہیونی قوتوں سے مقابلہ کرکے ثابت کردیا کہ سازشی عناصر کے خلاف معرکہ آرائی کیلئے جسمانی قوت نہیں بلکہ عقلی صلاحیتوں کو دیکھا جاتا ہے ۔ سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد ایران میں جس صورتحال کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں وہ مسلم دنیا کیلئے مناسب نہیں ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ عالمی برادری کومشرقی وسطیٰ میں قیام امن اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ جنگ کا خاتمہ ہواور خلیجی ممالک میں بے چینی کو ختم کیا جاسکے۔ ایڈیٹر سیاست نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کو مسلم دنیا کیلئے ہی نہیں بلکہ ہر انصاف پسند شہری کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ وہ اللہ سے دعاگو ہیں کہ اللہ ایران اور عالم اسلام کے مسلمانوں کو آیت اللہ خامنہ ای کا بہتر بدل عطا کرے۔ انہوں نے ایران پر مغربی و اسرائیلی جارحیت پر فوری روک لگانے کا عالمی برادری سے مطالبہ کیا۔3