جدہ 7 جولائی ( پریس نوٹ ) ائر انڈیا کی پروازوں میں حیدرآباد اور کوچین جیسی مصروف روٹس پر زم زم کی منتقلی پر عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے نتیجہ میں تلنگانہ و کیرالا سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن میں بے چینی و برہمی پیدا ہوگئی ہے ۔ سوشیل میڈیا میں بھی اس تعلق سے مسلسل تبصرے کئے جا رہے ہیں۔ ریاست سے تعلق رکھنے والے بیشتر افراد اپنے بیاگیج کے ساتھ زم زم بھی لاتے ہیں۔ ائر انڈیا نے حج کے مصروف سیزن میں زم زم کی منتقلی پر عارضی امتناع عائد کردیا ہے ۔ ائر انڈیا کے ویسٹرن ریجن مینیجر آر پربھو چندرن نے کہا کہ ائر انڈیا نے حج سیزن کے دوران حیدرآباد اور کوچین کیلئے بوئنگ 737 کی بجائے اے 320 طیارہ مصروف کیا ہے ۔ اس طیارہ کی جسامت قدرے کم ہے اور اس میں جگہ کی گنجائش کا مسئلہ ہے ۔ اس صورت میں یا تو وزن کم کرنا ضروری تھا یا پھر مسافرین کو گھٹانا پڑتا ۔ ائر انڈیا نے عازمین حج کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اسی لئے زم زم کی منتقلی پر عارضی امتناع ہے ۔ یہ امتناع مستقل نہیں بلکہ عارضی ہے ۔
