ائر فورس نے ملک کی دفاع کی ‘ مودی نے رقم امبانی کو دی

,

   

مرکز کسانوں کو صرف 17 روپئے دے کر خوش کرنا چاہتا ہے ۔ راہول گاندھی کا خطاب
رانچی 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جہاں انڈین ائر فورس ‘ ملک کے دفاع میں مصروف تھی وہیں مودی نے ملک کے 30,000 کروڑ روپئے کا سرقہ کرلیا اور اسے تاجر انیل امبانی کی جیب میں ڈال دئے ۔ انہوں نے ملک میں چوکیداروں سے کہا کہ وہ ’’ چوکیدار چور ہے ‘‘ کے نعرہ سے پریشان نہ ہوں کیونکہ سارا ملک جانتا ہے کہ یہ نعرہ صرف وزیر اعظم نریندرمودی کیلئے ہے ۔یہاں ایک پریورتن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے 30,000 کروڑ روپئے کا انیل امبانی کو فائدہ پہونچایا ہے ۔ اس ریلی میں مہا گٹھ بندھن کے قائدین بھی موجود تھے ۔ جھارکھنڈ وکاس مورچہ ( پرجا تانترک ) کے صدر و سابق چیف منسٹر بابو لال مرانڈی ‘ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے لیڈر و ریاست کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر اسٹیفن مرانڈی اور راشٹریہ جنتادل کے سابق رکن اسمبلی چندرا سنگھ بھی موجود تھے ۔ کانگریس صدر نے اپنے ریلی کے شیڈول پر ہی اکتفا کیا اور انہوں نے علیل آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو سے ملاقات نہیں کی اور نہ ان سے فون پر بات کی ۔ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ آیا راہول گاندھی مہا گٹھ بندھن کے تعلق سے جاری تعطل کو ختم کرنے لالو یادو سے ملاقات تو نہیںکرینگے ؟ ۔ لالو پرساد یادو رانچی کی برسا منڈا جیل میں قید ہیں ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’ ائر فورس ملک کی حفاظت کرتی ہے اور ہمارے پی ایم اس کے پیسے چوری کرکے انیل امبانی کو 30,000 کروڑ روپئے دے دیتے ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سابق صدر فرانس فرینکوئی اولاند نے بھی کہا تھا کہ اگر رافیل معاملت کو طئے کرنا ہے تو پھر انیل امبانی کو آفسیٹ کنٹراکٹ دینا ہوگا ۔ کانگریس صدر نے مزید الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نے ملک کے چند گنے چنے تاجروں کے 3.5 لاکھ کروڑ روپئے معاف کردئے لیکن انہوں نے کسانوں کا قرض معاف نہیں کیا ۔ نہ انہوں نے طلبا کا قرض معاف کیا اور نہ دوکانداروں کا ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کسانوں کو فی خاندان صرف 17 روپئے کی مدد فراہم کی گئی اور بی جے پی کے ایم پیز اس بات پر خوش بھی ہیں۔