برٹش ائرویز کی پرواز سے آمد پر ٹسٹ ۔ قرنطینہ کیلئے بھیجا گیا ۔ دیگر مسافرین کو گھریلو قرنطینہ کا مشورہ
حیدرآباد2ڈسمبر۔(سیاست نیوز) شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر مسافرین کے آرٹی پی سی آر معائنوں کے دوران 35سالہ خاتون کو کورونا توثیق کے بعد ہلچل پیدا ہوگئی۔ ائیر پور ٹ پر برٹش ائیر ویز سے پہنچے 206 مسافرین کے علاوہ سنگاپور ائیر لائنس سے آئے 119 مسافرین کا معائنہ کیا گیا۔ 325 مسافرین کے معائنہ میں 35 سالہ خاتون کورونا متاثر ہ پائی گئی لیکن ان میں کوئی علامات نہیں تھے ۔ انہیں قرنطینہ کیلئے روانہ کردیا گیا اور وہ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گچی باؤلی میں زیر علاج ہیں۔ 35 سالہ خاتون قریبی رشتہ داروں کے ساتھ سفر کر رہی تھیں ان کے رشتہ داروں کو بھی گھریلو قرنطینہ کی تاکید کرکے روانہ کردیا گیا ۔برطانیہ سے آئی اس مسافر کے ہمراہ سفر کرنے والوں میں 239 کا تعلق تلنگانہ سے ہے جبکہ 72 مسافرین آندھرا پردیش کے ہیں۔ 10 مسافرین مہاراشٹرا سے تھے جبکہ مدھیہ پردیش کے 2 مسافرین ‘ اترپردیش اور راجستھان کے ایک ایک مسافر تھے ۔ برطانیہ سے حیدرآباد آئی پرواز میں موجود تمام مسافرین کے متعلق ان کی ریاستوں کو مطلع کرکے چوکسی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ حیدرآباد پہنچے تمام مسافرین کو گھریلو قرنطینہ کی تاکید کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ 8 تا 10 یوم بعد ان کا دوبارہ معائنہ کیا جائیگا ۔ متاثرہ خاتون کے ساتھ آئے تمام مسافرین کو گھریلو قرنطینہ کی ہدایات دی گئیں اور کہا گیا کہ وہ دوبارہ معائنوں کے بعد قرنطینہ سے باہر نکلیں اس سے قبل باہر نکلنے پر کاروائی کی جائیگی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کو کورونا کی توثیق ہوئی انہیں اومی کرون ہے یا ڈیلٹا اس کی توثیق نہیں ہوئی ۔ کورونا کی قسم کی جانچ کیلئے مزید دو تا چار یوم درکار ہوں گے۔م