حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے چار مختلف اقلیتی اداروں کیلئے 18 کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 33 جاری کیا ہے ۔ مالیاتی سال 2021-22 ء کے تحت تنخواہوں ، اعزازیہ اور دیگر اخراجات کیلئے یہ رقم جاری کی گئی ۔ تلنگانہ اسٹڈی سرکل کیلئے 50 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ تلنگانہ حج کمیٹی کو 37.50 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ وقف بورڈ سے ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی اسکیم پر عمل آوری کے ضمن میں 16 کروڑ 50 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ بجٹ میں اس اسکیم کے لئے 66 کروڑ مختص کئے گئے ۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائنارٹیز کیلئے 37.5 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رقم کی اجرائی اور خرچ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔