اب اسکولس میں بجے گی ’ واٹر بیل ‘

   

طلبا و طالبات کو پانی پینے کا موقع فراہم کرنے موثر اقدامات
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے تما م مدارس میں محکمہ تعلیم کی جانب سے طلباء کو مناسب مقدار میں پانی پینے کا موقع فراہم کرنے موثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور اس فیصلہ کی روشنی میں ہر روز تمام مدارس میں خصوصی ’ واٹر بیل‘( پانی کی گھنٹی ) بجانے کے عمل کا آغاز کرنے تمام ڈی ای اوز منڈل ایجوکیشن آفیسرس اور ہیڈ ماسٹرس کو احکامات جاری کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ طلبہ مناسب مقدار میں پانی نہ پینے سے صحت کے مسائل سے دوچار ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے پیش نظر مدارس میں طلباء کو پانی پینے کیلئے خصوصی موقع فراہم کرنے کے مقصد سے ’ واٹر بیل ‘ بجانے کے عمل کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے ضلع کلکٹروں اور ڈی ای اوز کو مناسب اقدامات کا مشورہ دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ’ واٹر بیل ‘ بجانے کے موقع پر طلبہ کے پانی پینے کو یقینی بنانے خصوصی توجہ دینے کی عہدیداروں بشمول ہیڈ ماسٹروں و ٹیچرس کو ضروری ہدایات دی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض اضلاع میں ہر روز تمام مدارس میں تین مرتبہ اور بعض اضلاع میں ہر روز چار مرتبہ طلبہ کو پانی پینے کا خصوصی موقع فراہم کرنے کیلئے’ واٹر بیل ‘ ( پانی پینے کیلئے گھنٹی ) بجانے پر عمل آوری کرنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ جبکہ یہ اقدامات تمام مدارس کے ساتھ ساتھ کستورباگاندھی بالیکا ودیالیوں اور ماڈل اسکولس میں بھی روبہ عمل لانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔