اب امریکہ سے ہندوستان رقومات بھیجنے پر عائد ہوگا 5 فیصد ٹیکس

   

ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے سے ہندوستان کی معیشت متاثر ہونے کے اندیشے ۔ طلباء میں بے چینی
حیدرآباد۔18۔مئی ۔ (سیاست نیوز) ہندستان بھیجے جانے والے ایک لاکھ روپئے پر اب امریکہ میں برسرکار نوجوانوں کو 5000 ہزار روپئے ٹیکس ادا کرنا ہوگا ۔ امریکی زرمبادلہ کی روانگی پر یہ ٹیکس امریکی معیشت کے استحکام میں معاون ہوگا۔امریکہ میں مقیم ہندوستانی جو ہندوستان میں اپنے افراد خاندان کی پرورش اور ان کے اخراجات کیلئے رقومات روانہ کیا کرتے تھے اب ان کی روانہ کئے جانے والی رقومات پر امریکہ میں ٹیکس وصول کرنے کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے ۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ سے باہر بھیجے جانے والے ڈالرس پر زرمبادلہ ٹیکس عائد کرنے قانون سازی کا عمل شروع کردیا ہے جس کے منفی اثرات ہندوستانی معیشت پر مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے جو قانون سازی کا منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق امریکہ سے بھیجے جانے والے زرمبادلہ پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا جو منتقلی کے دوران ہی وصول کرلیا جائے گا۔ امریکی معیشت کے استحکام کیلئے ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات پر کہا جا رہاہے کہ ٹرمپ اگر اس قانون سازی کو یقینی بناتے ہیں تو ہندوستانی معیشت کو سالانہ 18تا20 بلین ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے۔ ٹرمپ اقتدار میں آنے کے بعد کئی فیصلوں سے ہندوستانی امریکیوں کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ ٹرمپ نے جو اقدامات شروع کئے ہیں ان کا منفی اثر ہندوستان پر پڑنے لگا ہے ۔ ابتداء میں ہندوستانی طلبہ امریکی سختیوں سے امریکہ کا رخ کرنے سے گریز کرنے لگے تھے اور انتظامیہ کی جانب سے کئی ہندوستانی طلبہ کے ویزوں کو منسوخ کردیا اس کے علاوہ ان کے داخلوں کو منسوخ کرنے اقدامات کئے گئے ۔اس کاروائی کے بعد امریکی انتظامیہ نے امریکہ میں تعلیم حاصل کررہے بیرونی طلبہ کو تعلیم کی تکمیل کے بعد 12 تا 24 ماہ امریکہ میں کام کی سہولت کو برخواست کرنے کی منصوبہ بندی کا آغاز کیا جس کے نتیجہ میں کئی طلبہ جو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کی منصوبہ بندی کر رہے تھے نے اپنی تعلیم دیگر ممالک میں حاصل کرنے کا فیصلہ کیا جس کے نتیجہ میں امریکی جامعات میں داخلہ لینے والوں کی تعداد میں کمی آئی ۔ ٹرمپ انتظامیہ سے آپشنل پریکٹیکل ٹریننگ کو برخواست کرنے کی قانون سازی کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال اس قانون کو منظوری نہیں دی گئی اور گذشتہ دنوں ٹرمپ نے دوحہ میں واضح کہا کہ انہو ںنے دنیا کی سرکردہ فون و دیگر آلات تیار کرنے والی کمپنی ’ایپل ‘ کے سی ای او مسٹر ٹم کک پر واضح کردیا کہ وہ ہندوستان میں اپنی اشیاء تیار نہ کریں ۔ اب یہ اطلاعات ہیں کہ صدر امریکہ نے ’ون بگ بیوٹی فل بل‘ روشناس کروانے کا منصوبہ تیارکیا ہے جس کے مطابق بیرون ملک روانہ زرمبادلہ پر 5فیصد ٹیکس وصول کیا جائیگا ۔ اگر اس بل کو منظوری دی جاتی ہے تو صرف ہندوستان نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کی معیشت پر بھی منفی اثرات ہونگے۔ ہندوستان کو 2023 میں جملہ 123بلین ڈالر بذریعہ زرمبادلہ آئے تھے اور ہندوستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں 28 فیصد تک امریکی زرمبادلہ وصول ہوتا ہے اسی لئے ہندوستانی نژاد امریکی اپنے پیدائشی ملک میں موجود افراد خاندان ‘ والدین کو پابندی کے ساتھ رقومات روانہ کیا کرتے ہیں۔3